22 اکتوبر 2020 - 19:49
حیدرآباد میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل کا اظہار ہمدردی

یہ خطہ ایک ایسا خطہ ہے جو صدیوں سے اہل بیت(ع) کے چاہنے والوں کی رہائش گاہ اور برصغیر میں قرآن اور اہل بیت(ع) کی ثقافت کو عام کرنے کے مراکز پر مشتمل رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے بڑی تعداد میں افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ کچھ جانبحق بھی ہوئے ہیں، متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لیے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ رمضانی نے ایک پیغام جاری کیا ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے "کل ہند مجلس اتحاد المسلمین" کے سربراہ "اسد الدین اویسی" کے نام پیغام جاری کیا ہے جس کا ترجمہ حسب ذیل ہے؛

بسم اللہ الرحمن الرحیم
جناب محترم اسد الدین اویسی صاحب
سیکرٹری جنرل کل ہند مجلس اتحاد المسلمین
سلام علیکم
حیدرآباد اور اس کے گردونواح میں آنے والے اس غیرمعمولی اور تباہ کن سیلاب کے واقعے سے ہمیں گہرا رنج و غم ہوا جس کی وجہ سے مسلمانوں کی بڑی تعداد کو مادی اور معنوی نقصان پہنچا اور بہت سارے لوگ بے گھر ہو گئے۔
یہ خطہ ایک ایسا خطہ ہے جو صدیوں سے اہل بیت(ع) کے چاہنے والوں کی رہائش گاہ اور برصغیر میں قرآن اور اہل بیت(ع) کی ثقافت کو عام کرنے کے مراکز پر مشتمل رہا ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی پوری دنیا میں پائے جانے والے اپنے اراکین کی نمائندگی کے طور پر اس حادثے کے متاثرہ افراد اور مرحومین کے پسماندگان کو تسلی اور تشفی دیتے ہوئے ان کے لیے صبر اور سلامتی کی دعا کرتی ہے اور اس بات کا اعلان کرتی ہے کہ کورونا کے سخت حالات اور روابط کی محدودیت کے باوجود اپنے مسلمان بہن بھائیوں تک ہر طرح کی امداد پہنچانے کی کوشش کرے گی۔
توقع کی جاتی ہے کہ ہندوستان کی حکومت اور عوام نیز اسلامی حکومتیں اور اقوام سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی دستگیری کرنے کی مساعی کریں۔
وَلَنَبْلُوَنَّكُمْ بِشَيْءٍ مِنَ الْخَوْفِ وَالْجُوعِ وَنَقْصٍ مِنَ الْأَمْوَالِ وَالْأَنْفُسِ وَالثَّمَرَاتِ وَبَشِّرِ الصَّابِرِين.

رضا رمضانی
سیکرٹری جنرل اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی
۲۲ اکتوبر ۱۳۹۹

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں آنے والے سیلاب سے تقریبا ۳۷ ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں اور بعض ذرائع کے مطابق ۸۰ افراد جانبحق ہو چکے ہیں۔

...........

242